پشاور: خیبرپختونخوا میں آٹے کی قلت کا بحران سنگین صورت اختیار کرنے لگا ہے، پنجاب سے گندم اور آٹے کی ترسیل میں مبینہ رکاوٹوں کے باعث صوبے میں آٹے کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے، جبکہ قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ فلور ملز مالکان اور آٹا ڈیلرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے دنوں میں بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہےصوبے میں اس وقت فائن آٹے کا 20 کلو تھیلا 3 ہزار 500 روپے جبکہ سپرفائن آٹے کا 20 کلو تھیلا 3 ہزار 700 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ آٹے کی قیمتوں میں اضافے اور سپلائی میں کمی کے باعث عام صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین صابر احمد بنگش کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے گندم اور آٹے کی نقل و حرکت پر پابندیوں کے باعث خیبرپختونخوا کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حیران کن صورتحال یہ ہے کہ گندم پیدا کرنے والا صوبہ بھی آٹے کے بحران سے دوچار ہے۔ پنجاب کی سرحدوں پر پولیس ناکے قائم ہیں، جس کے باعث گندم اور آٹے سے لدے ٹرکوں کی خیبرپختونخوا آمد متاثر ہو رہی ہے۔
صابر احمد بنگش کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر گزشتہ دو سال سے سپریم کورٹ میں کیس زیرِ سماعت ہے، جبکہ وفاقی حکومت کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت بھی فلور ملز کو ضروریات کے مطابق سرکاری گندم فراہم نہیں کر رہی، جس سے مقامی سطح پر آٹے کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 151 کے تحت ملک کے اندر تجارت اور نقل و حمل کی آزادی کے اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت کی پابندیوں کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔ خیبرپختونخوا سالانہ تقریباً 12 لاکھ ٹن گندم پیدا کرتا ہے، جبکہ صوبے کی سالانہ ضرورت 53 لاکھ ٹن ہے۔ اس طرح مقامی پیداوار اور مجموعی ضرورت کے درمیان بڑا فرق موجود ہے، جسے پورا کرنے کے لیے پنجاب سے گندم اور آٹے کی فراہمی انتہائی اہم ہے۔
دوسری جانب آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رامیبل خان کا کہنا ہے کہ پنجاب سے آنے والے آٹے کے ٹرکوں کو خیبرپختونخوا میں داخل ہونے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق پہلے روزانہ تقریباً 250 ٹرک آٹا لے کر صوبے میں آتے تھے، تاہم اب یہ تعداد کم ہو کر بمشکل 20 ٹرک رہ گئی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آٹے کا بحران مزید سنگین ہو جائے گا۔رامیبل خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آٹے کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، کیونکہ سپلائی میں کمی کا براہِ راست اثر مارکیٹ میں قیمتوں اور عوام کی قوتِ خرید پر پڑ رہا ہے۔
ادھر ثمر بلور کا کہنا ہے کہ انہوں نے آٹے کی ترسیل اور قیمتوں کا معاملہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے۔ ان کے مطابق اس سلسلے میں رابطے جاری ہیں اور امید ہے کہ جلد آٹے کی قیمتوں میں کمی آئے گی اور خیبرپختونخوا کو آٹے کی ترسیل بحال ہو جائے گی۔
خیبرپختونخوا میں آٹے کا موجودہ بحران محض قیمتوں میں اضافے کا معاملہ نہیں بلکہ صوبے کی غذائی ضروریات، بین الصوبائی تجارت اور حکومتی پالیسیوں سے بھی جڑا ہوا ہے۔ اگر پنجاب سے سپلائی بحال نہ ہوئی اور مقامی سطح پر گندم کی دستیابی بہتر نہ بنائی گئی تو اس کا سب سے زیادہ بوجھ عام شہریوں اور کم آمدنی والے طبقے کو برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔





