لاہور: لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا میں 32 سالہ خاتون کے اندھے قتل کا معمہ پولیس نے چند گھنٹوں میں حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کے سسر نے دورانِ تفتیش قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔
انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق مقتولہ 5 ماہ کی حاملہ اور دو بیٹیوں کی ماں تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے بھائی نے ملزم کی بیٹی سے پسند کی شادی کر لی تھی، جس پر ملزم کو رنج تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے موقع پا کر بہو کے گلے میں دوپٹہ ڈال کر اسے قتل کر دیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور نے واقعے کا نوٹس لیا تھا، جس کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ کی سربراہی میں ٹیم نے تفتیش کی۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مضبوط چالان تیار کر کے اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ تفتیشی ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔





