پشاور: جمعیت علمائے اسلام کی اپیل پر خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے معدنی ذخائر کی مبینہ غیر شفاف منتقلی، جے یو آئی قیادت کے خلاف میڈیا ٹرائل، کارکنوں کی گرفتاریوں اور تجاوزات کے نام پر دکانوں، مساجد اور پلازوں کی مسماری کے خلاف احتجاج کیا۔
احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ صوبے کے معدنی ذخائر پر عوام اور صوبائی حکومت کا حق تسلیم کیا جائے اور معدنی وسائل سے متعلق معاہدوں کی تفصیلات منظر عام پر لاکر قوم کو اعتماد میں لیا جائے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ گورنر راج کے نفاذ کا مقصد صوبے میں امن و امان کا قیام تھا، تاہم کرک، کوہاٹ اور صوابی میں دہشت گردی کے واقعات میں پولیس افسران کی شہادت کے باوجود حکومتی توجہ امن و امان کے بجائے سیاسی سرگرمیوں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن پر مرکوز ہے۔
جے یو آئی رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کے نام پر غریب تاجروں سے روزگار چھینا جا رہا ہے، جبکہ جماعت کے قائدین اور کارکنوں کو گرفتاریوں، مقدمات اور میڈیا ٹرائل کے ذریعے دباؤ میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مقررین کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں جے یو آئی کے 250 سے زائد علماء اور کارکن شہید ہو چکے ہیں۔
پشاور میں مفتی محمود مرکز سے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عطاءالحق درویش کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو دلہ زاک چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔




