اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے ان کی جماعت کے خلاف حکومتی اقدامات کی مذمت کی ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپوزیشن کی تنقید برداشت کرنی چاہیے، کیونکہ پارلیمانی نظام کے استحکام کے لیے سیاسی برداشت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے اقدامات سے گریز کرے جو جمہوریت کو کمزور کریں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جمہوریت میں ذمہ دار اپوزیشن کا کردار اہم ہوتا ہے، اور اس کے سیاسی کردار کا احترام کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے حال ہی میں مولانا فضل الرحمان کے خلاف انتقامی کارروائی کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف مہم کے تحت 5 سے 6 ہزار افراد کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں، اور کسی ایک شخصیت کو نشانہ نہیں بنایا جا رہا۔




