اسلام آباد: اڈیالہ جیل میں قید سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی نے بینائی شدید متاثر ہونے پر اسپتال منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے سیل میں چوہے، کاکروچ اور کنکھجورے آتے ہیں، اور ماضی میں وہاں 7 چھوٹے سانپ بھی دیکھے گئے تھے، جنہیں جیل کے ایک اہلکار نے مار دیا۔
درخواست ان کے وکلا لطیف کھوسہ اور [دوسرے وکیل] کے ذریعے دائر کی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو ایک بڑے ہال نما کمرے میں رکھا گیا ہے، جہاں صفائی کی ناقص صورتحال کے باعث کیڑے مکوڑے آتے ہیں، اور ان کے کاٹنے سے انہیں بار بار جلد پر خارش اور دانے نکلتے ہیں۔
بینائی متاثر ہونے کا خدشہ:
درخواست کے مطابق بشریٰ بی بی میں موتیا کی تشخیص ہوئی ہے، اور ڈاکٹروں نے تقریباً 15 نومبر کو سرجری تجویز کی تھی۔ ان کے مطابق انہوں نے جیل حکام سے آنکھوں کے درد کی متعدد بار شکایت کی، تاہم ماہر ڈاکٹروں نے 7 سے 8 روز بعد ان کا معائنہ کیا۔ انہیں بتایا گیا ہے کہ سرجری کے بعد انفیکشن کی صورت میں بینائی مستقل طور پر ضائع ہو سکتی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان کی دونوں آنکھوں کی بینائی شدید متاثر ہے۔ چشمے کے باوجود وہ سامنے موجود افراد کو دھندلا دیکھ پاتی ہیں، اور آنکھوں میں کئی روز سے مسلسل درد ہے، جس کے لیے وہ روزانہ درد کش گولیاں لے رہی ہیں۔ بشریٰ بی بی کے مطابق اڈیالہ جیل کی ڈیوٹی ڈاکٹر ماہرِ امراضِ چشم نہیں بلکہ گائناکالوجسٹ ہیں، اس لیے انہیں علاج کی سہولتوں پر تحفظات ہیں۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بشریٰ بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ طلب کیا جائے، انہیں ضروری طبی سہولتیں فراہم کی جائیں، اور فوری طور پر آنکھوں کے کسی خصوصی اسپتال منتقل کیا جائے۔
یہ تفصیلات 11 نومبر کو اڈیالہ جیل میں وکلا سے ملاقات کے دوران سامنے آئیں، جو اسلام آباد ہائیکورٹ کی 10 نومبر کی ہدایت پر کرائی گئی تھی۔ درخواست میں یہ تفصیلات عدالتی ریکارڈ پر لانے کی استدعا کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 17 جنوری 2025 کو القادر ٹرسٹ (190 ملین پاؤنڈ) کیس میں بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف ان کی اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت ہے، اور اس کی سماعت 18 نومبر کو مقرر ہے۔




