اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان اتنی نتیجہ خیز شراکت داری پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ماضی میں بھی قومی مفاد کو مقدم رکھ کر اسی طرح مل کر کام کیا جاتا تو ملک کب کا ترقی کی بلندیوں پر ہوتا۔
امریکن بزنس کونسل پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ نجی شعبے اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفتری پیچیدگیاں ختم کرنا اور تمام شعبوں میں شفافیت یقینی بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے صنعت، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاروں کے کردار کو سراہا، اور یقین دلایا کہ ان کی جائز شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر نظام بنایا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2023 میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے کا سنگین خطرہ تھا، تاہم عالمی اور خلیجی بحران کے باوجود حکومت نے معاشی استحکام برقرار رکھا، اور آئی ایم ایف نے بھی اس پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس استحکام کے لیے عام آدمی نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ بجٹ میں برآمدات، مینوفیکچرنگ اور کارپوریٹ شعبے کے لیے 400 ارب روپے کی ٹیکس رعایتیں دی گئی ہیں، اور تنخواہ دار طبقے کو بھی ریلیف دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق برآمد کنندگان کو رعایتی قرضوں کے لیے ایگزم بینک کو چار ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں، اور سمیڈا کو ازسرنو منظم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کی وجہ سے پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ ختم کر دیا گیا ہے، جس سے اربوں روپے کی بچت ہو رہی ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے سبسڈی کا نظام بھی ختم کر کے مستحقین کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت رواں سال 27 ارب روپے مستحقین تک پہنچائے گئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنی توانائی کی 90 فیصد سے زائد ضروریات درآمد کرتا ہے۔ اسی لیے درآمدی ایندھن پر انحصار اور آلودگی کم کرنے کے لیے چار ماہ کی مشاورت کے بعد الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے آٹو موبائل انڈسٹری سے کہا کہ 60 سال تک مراعات لینے کے بعد اب وہ مسابقت کے لیے تیار ہو۔
شہباز شریف نے کہا کہ زراعت چھ ماہ میں معیشت کا رخ بدل سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لائیو اسٹاک کو وزارتِ زراعت سے الگ کر کے خودمختار یونٹ بنا دیا گیا ہے، جس کی سربراہی نجی شعبے کے ایک ممتاز کاروباری شخص کو دی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ملک کے کھربوں ڈالر کے معدنی ذخائر سے فائدہ اٹھانے کے لیے بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ لاکھوں نوجوانوں کو فنی تربیت دی جا رہی ہے، اور انہیں لیپ ٹاپ اور وظائف بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومیں قرضوں اور امداد کے بجائے محنت سے مضبوط بنتی ہیں، اور پاکستان خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے کیونکہ علاقائی امن ہی ترقی کی بنیاد ہے۔





