پشاور: خیبرپختونخوا کے 12 نامزد اضلاع میں محکمہ صحت کے 1623 اہلکاروں کی غیر مجاز غیر حاضری کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ نے غیر حاضر طبی عملے کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
سرکاری مراسلے کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی ہدایات پر سیکرٹری تعلیم و سماجی شعبہ نے کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران (ڈی ایچ اوز) کو حکم دیا ہے کہ ڈیوٹی سے غیر حاضر اہلکاروں سے تین روز کے اندر تحریری وضاحت طلب کی جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ طبی عملے کی غیر مجاز غیر حاضری کے باعث متعلقہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی اور کارکردگی متاثر ہو رہی ہے، جس پر سیکرٹریٹ نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق ضلع لکی مروت میں سب سے زیادہ 558 طبی اہلکار غیر حاضر پائے گئے، جبکہ ضلع مہمند میں 210 اور بنوں میں 208 اہلکاروں کی غیر مجاز غیر حاضری رپورٹ ہوئی ہے۔
اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں 120، شمالی وزیرستان میں 101، ضلع خیبر میں 95 اور جنوبی وزیرستان اپر میں 89 طبی اہلکار غیر حاضر پائے گئے رپورٹ کے مطابق ضلع ٹانک میں 77، کرم لوئر و وسطی میں 68، اورکزئی میں 43، کرم اپر میں 32 اور جنوبی وزیرستان لوئر میں 18 اہلکاروں کی غیر حاضری سامنے آئی ہے، جبکہ ضلع باجوڑ میں چار طبی اہلکار غیر حاضر رپورٹ ہوئے ہیں۔
ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ نے ہدایت کی ہے کہ مسلسل غیر حاضر رہنے والے اہلکاروں کے خلاف متعلقہ سروس رولز اور ضوابط کے تحت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
مراسلے میں تمام متعلقہ ڈی ایچ اوز سے ہر کیس میں کی گئی کارروائی کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ اس حوالے سے جامع رپورٹ سیکرٹریٹ کو فراہم کی جائے۔
ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ نے واضح کیا ہے کہ نامزد اضلاع میں سرکاری فرائض سے غفلت اور نااہلی کی کوئی گنجائش نہیں اور صحت کی سہولیات کی مؤثر فراہمی یقینی بنانے کے لیے غیر حاضر عملے کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔





