میران شاہ: آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں سکیورٹی صورتحال اور جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میران شاہ پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔ فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بریفنگ میں انہیں علاقے کی سکیورٹی صورتحال اور جاری آپریشنز کے بارے میں بتایا گیا۔ انہیں دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور دیرپا امن یقینی بنانے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی، اور ان کی پیشہ ورانہ تیاری اور وطن کے دفاع کے عزم کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے خیبر پختونخوا پولیس کو دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف صفِ اول کی بہادر فورس قرار دیا، اور اس کی قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کریں گی، اور خیبر پختونخوا میں مشکل سے حاصل ہونے والے امن کا تحفظ یقینی بنائیں گی۔





