کوہاٹ: کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ضلعی پولیس نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی تھانہ ایم آر ایس کی حدود میں بازید خیل روڈ کے قریب منکارہ پہاڑی پر کی گئی۔ ہلاک دہشت گردوں میں عبدالحئی سکنہ کوہاٹ اور عبدالرشید ولد نور محمد خان سکنہ دتہ خیل شمالی وزیرستان شامل ہیں، جبکہ تیسرے دہشت گرد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد عبدالحئی کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ تھا اور بلی ٹنگ بینک ڈکیتی کے مقدمے میں بھی مطلوب تھا۔ دوسرا ہلاک دہشت گرد عبدالرشید بھی بلی ٹنگ بینک ڈکیتی میں مطلوب تھا۔
کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تین ایس ایم جیز اور نو میگزین برآمد کیے گئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق اتحاد المجاہدین پاکستان (IMP) سے تھا، جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔





