اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک 100 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔
اپنا گھر پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج بہت سے خاندانوں کے لیے ایک نئی شروعات کا دن ہے۔ انہوں نے پروگرام کے تحت ہاؤسنگ فنانس حاصل کرنے والے شہریوں کو مبارکباد دی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 30 اکتوبر تک پروگرام کے تحت 17 ہزار 697 ہاؤسنگ قرضوں کی مد میں 104 ارب روپے جاری کیے جا چکے تھے۔ اس دوران 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد درخواستوں میں سے 90 ہزار 405 منظور کی گئیں، جن کے لیے مجموعی طور پر 533 ارب روپے کی فنانسنگ کی منظوری دی گئی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے رواں سال 30 اپریل کو 3200 ارب روپے کے اپنا گھر پروگرام کا آغاز کیا تھا، جس کا ہدف پانچ سال میں پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر ہے۔ پروگرام کے تحت 10 مرلہ تک کے گھر کے لیے زیادہ سے زیادہ ایک کروڑ روپے تک کا قرض 20 سال کے لیے دیا جاتا ہے۔ ان قرضوں پر پہلے 10 سال پانچ فیصد مارک اپ ہوتا ہے، اور اس کے بعد مارکیٹ ریٹ لاگو ہوتا ہے۔





