کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر ملک میں کوئی ری سیٹ ہونا ہے تو وہ جمہوری ری سیٹ ہونا چاہیے، جس کے ذریعے پارلیمان پر اعتماد بحال کیا جائے۔
سندھ یوتھ کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری تیزی سے بڑھ رہی ہے، اور سیاستدانوں اور حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نفرتیں ختم کر کے عوام کو معاشی بحران سے بچانے کا سوچیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ خود مایوس ہیں تو ملک کے نوجوانوں کا کیا عالم ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ انتقامی کارروائیوں کے بجائے ملک کے حالات بہتر بنانے کے اقدامات کرنا ہوں گے، اور حکومت، اپوزیشن اور عوام کا موجودہ نظام پر اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قومی اتحاد اور اتفاقِ رائے کا ماحول قائم کرنا ہوگا، کیونکہ معاشی بحران ہو، جنگ کے حالات ہوں یا مصنوعی ذہانت سے پیدا ہونے والا کوئی نیا بحران، متحد قوم ہر مشکل کا مقابلہ کر سکتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اگر ہم آپس میں لڑتے اور تقسیم ہوتے رہے تو ملک مزید کمزور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلیں سوال کریں گی کہ انہیں مشکلات سے بچانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھروں کے منصوبے سے 10 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کارڈ کے ذریعے سندھ کے نوجوانوں کو کئی سہولیات میسر آئیں گی، اور سندھ حکومت ایک بار پھر وفاق اور دیگر صوبوں کے مقابلے میں انقلابی قدم اٹھا رہی ہے۔





