پشاور خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں غیر قانونی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت بغیر لائسنس ڈرائیونگ اسکولوں، غیر رجسٹرڈ رکشوں اور غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے گی۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں جامع ایکشن پلان تیار کرلیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں نجی ٹرانسپورٹ اڈوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور قانونی تقاضے پورے نہ کرنے والے اڈوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے رکشے بنانے اور جوڑنے والے کارخانوں کا مکمل ڈیٹا بیس تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جبکہ ڈرائیونگ اسکولوں کی رجسٹریشن، لائسنسنگ اور تربیت کے معیار کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ غیر قانونی طور پر کام کرنے والے اداروں کی نشاندہی کی جاسکے۔
منصوبے کے تحت ٹرانسپورٹ ورکشاپس، اڈوں اور گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس کا مرکزی ڈیٹا بیس بھی قائم کیا جائے گا، جس سے متعلقہ اداروں کو ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور نگرانی میں سہولت ملے گی۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق غیر قانونی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائی کے لیے ضلعی انتظامیہ کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا اور صوبے بھر میں مرحلہ وار مہم چلائی جائے گی۔





