گورنر ہاؤس پشاور میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کی ترقی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے 160 ارب روپے کے پیکج پر ان کے شکر گزار ہیں۔ صوبے میں صفائی ستھرائی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، تجاوزات کے خلاف کامیاب آپریشن کے بعد تحصیل کی سطح تک صفائی مہم شروع کی گئی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے غیر قانونی کان کنی کے حوالے سے کہا کہ صوبے میں کان کنی کے تمام ٹھیکے قانون کے مطابق دیے جائیں گے۔ غیر قانونی کان کنی سے حاصل ہونے والی آمدن دہشت گردی کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔ پلیسر گولڈ کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد لیز منسوخ کی گئی ہیں جبکہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کان کنی کے شعبے میں نئے قواعد و ضوابط مرتب کرنے کے لیے ٹاسک فورس بھی قائم کی گئی ہے۔ غیر قانونی کان کنی میں 6 ہزار سے زائد ایکسویٹرز اور دیگر مشینری استعمال ہو رہی تھی۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ 13 سال گزرنے کے باوجود خیبرپختونخوا میں ایک نیا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر نہیں کیا جا سکا۔ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام دوبارہ بحال کیا جائے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب پشاور میں منعقد کی جائے گی اور پی ایس ایل کے میچز بھی پشاور میں کھیلے جائیں گے۔ ضم شدہ اضلاع سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں کرکٹ اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے فروغ کے لیے آئندہ 10 سے 15 روز میں باقاعدہ اسکیم کا اعلان کیا جائے گا جبکہ مستقبل میں پشاور میں بین الاقوامی کرکٹ میچز منعقد کرانے کی بھی کوشش کی جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں خیبرپختونخوا کا اہم کردار ہے اور صوبے میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے سامنے لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔





