راولپنڈی: پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز ایک صفر سے جیت لی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کے چوتھے روز پاکستان نے جیت کے لیے 90 رنز کا ہدف 13 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اس سے قبل چوتھے روز کے آغاز پر محمد عباس نے سری لنکا کی آخری وکٹ حاصل کی، اور مہمان ٹیم دوسری اننگز میں 316 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ دوسری اننگز میں میلان رتنائیکے 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ سونل دنوشا نے 54 اور کپتان کوسل مینڈس نے 53 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 55 رنز کے عوض تین، اور عامر جمال نے 67 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 98 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ پہلی اننگز میں محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان نے 325 رنز بنا کر 227 رنز کی برتری حاصل کی تھی، جس میں غازی غوری نے 54، اذان اویس نے 47، طیب عارف نے 46 اور رضا اللہ نے 42 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوا تھا۔





