دوحہ: اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں پاکستان شاہینز کی ٹیم متحدہ عرب امارات کے خلاف 46.4 اوورز میں 245 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ یو اے ای کو جیت کے لیے 246 رنز کا ہدف ملا ہے۔
یو اے ای نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ پاکستان کے اوپنرز نے پہلی وکٹ پر 87 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو تیز آغاز فراہم کیا۔ شامل حسین نے 39 گیندوں پر تین چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے، جبکہ معاذ صداقت نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔
اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار رہی۔ کپتان عبدالصمد نے 39، فرحان یوسف نے 28 اور محمد عمران نے 22 رنز بنائے۔ ایک موقع پر پاکستان کا اسکور پانچ وکٹوں پر 215 رنز تھا، لیکن اس کے بعد ٹیم 30 رنز کے اضافے پر باقی پانچ وکٹیں گنوا بیٹھی۔
یو اے ای کی جانب سے باسل حمید نے 10 اوورز میں 37 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ اویس علی شاہ اور ابرار شاہ احمد نے دو دو، جبکہ نور ایوبی اور محمد شہداد نے ایک ایک وکٹ لی۔
گروپ بی کا یہ میچ دوحہ کی یونیورسٹی آف دوحہ فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے، اور یہ ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کا پہلا میچ ہے۔ دفاعی چیمپیئن پاکستان شاہینز 22 نومبر کو بھارت اے اور 24 نومبر کو نیپال کے خلاف میچ کھیلے گی۔





