کوالالمپور: ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے سعودی عرب میں ہونے والا 2027 کا ایشین کپ ملتوی کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ پہلے 7 جنوری سے 5 فروری 2027 تک شیڈول تھا، تاہم اب یہ 23 دسمبر 2027 سے 21 جنوری 2028 تک منعقد ہوگا۔
اے ایف سی کے مطابق یہ فیصلہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث پیدا ہونے والے ’’غیر معمولی حالات‘‘ کے پیش نظر کیا گیا ہے، جن میں انتظامی پیچیدگیاں اور سفری رکاوٹیں شامل ہیں۔ اے ایف سی نئی تاریخیں منظوری کے لیے فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کو پیش کرے گی۔
24 ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں منعقد ہونا تھا، تاہم مملکت میں حالیہ حملوں کے باعث سکیورٹی خدشات پیدا ہوئے ہیں اور سفری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق گزشتہ ماہ ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
ٹورنامنٹ کی انتظامی کمیٹی نے کہا کہ شریک ٹیموں، عہدیداروں، تماشائیوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے مفادات اور تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے مقابلے ملتوی کرنا ضروری تھا۔
نئے شیڈول کے مطابق ایشین کپ کا آغاز 23 دسمبر 2027 کو ہوگا، جبکہ فائنل 21 جنوری 2028 کو کھیلا جائے گا۔





