لاہور: وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر عوامی ریفرنڈم کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے صوبے بنانے سے انکار کیا تو وہ بھی 100 فیصد اسی فیصلے کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھے تمام لوگ جمہوریت کی بات کرتے ہیں اور عوام کو سپریم مانتے ہیں، اس لیے یہ فیصلہ بھی عوام پر چھوڑ دیا جائے۔ اگر عوام صوبے بنانے کے حق میں فیصلہ دیں تو پھر صوبے بننے چاہییں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اس معاملے پر ہر جماعت کا اپنا مؤقف ہے اور ہر ایک کو اختلاف کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ بعض جماعتیں باضابطہ طور پر صوبوں کے حق میں بات نہیں کرتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کی رائے اہم ہے، تاہم اس مسئلے کا بہترین حل عوام کی رائے لینا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ سروے رپورٹس میں بھی اکثریت نئے صوبوں کے حق میں ہے۔
محسن نقوی نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف انتقامی کارروائی کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ کسی ایک شخصیت کو نشانہ نہیں بنایا جا رہا۔ ان کے مطابق اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف 4 سے 5 ماہ سے جاری مہم کے تحت 5 سے 6 ہزار افراد کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے سرکاری اداروں میں کرپشن کی موجودگی کا اعتراف بھی کیا، اور کہا کہ وزارت داخلہ میں بھی ایسے معاملات سامنے آئے جن میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ این سی سی آئی اے نے گریڈ 17 کے ایک افسر کو گرفتار کیا ہے، جبکہ ایف آئی اے سی ڈی اے سے متعلق بڑے مقدمات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت میں شامل تمام جماعتیں اہم ہیں، اور کوئی بھی بڑا فیصلہ باہمی اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نئے صوبوں پر بحث محسن نقوی کے جولائی میں دیے گئے بیان کے بعد شروع ہوئی تھی، جس میں انہوں نے نئے انتظامی یونٹس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی اپیل کی تھی۔





