انطالیہ: وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک سے کیے گئے وعدے پورے کرے، اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے اعلانات کے بجائے عملی اقدامات کرے۔
ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کاپ 31) کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کسی سرحد کی پابند نہیں، اس لیے اس کا مقابلہ صرف وعدوں سے نہیں بلکہ ٹھوس اقدامات سے ہی ممکن ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات انسانی جانوں اور معیشت کو شدید نقصان پہنچاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث آنے والے سیلاب سے پاکستان میں 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے، جبکہ ملک کو بھاری مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، اس کے باوجود ملک صاف توانائی کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 20 گیگاواٹ کی روف ٹاپ سولر صلاحیت شامل ہو چکی ہے، اور ملک کی مجموعی توانائی پیداوار میں صاف توانائی کا حصہ 55 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کی جانب بڑھ رہا ہے، اور 2035 تک کاربن اخراج میں 50 فیصد کمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کا ساتھ دینے پر ترکیہ کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کانفرنس کی شاندار میزبانی اور بہترین انتظامات پر ترک صدر اور ترک عوام کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
کانفرنس میں 200 سے زائد ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔





