اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے معاملے پر وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت کے 5 نومبر 2026 کے اس حکم پر نظرِ ثانی کی استدعا کی گئی ہے، جو خیبرپختونخوا حکومت کی درخواستوں پر جاری کیا گیا تھا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 5 نومبر کے حکم سے پشاور ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت آئینی درخواستوں کی کارروائی متاثر ہوئی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بیرسٹر گوہر اور دیگر درخواست گزاروں کو مقدمے میں فریق بنا کر ان کا مؤقف بھی سنا جائے۔
پی ٹی آئی نے ایمرجنسی اور گورنر راج کے خلاف دائر درخواستوں میں وزیراعلیٰ اور اسپیکر صوبائی اسمبلی کی رہائی کی استدعا بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر کو خیبرپختونخوا میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے مسلح افواج کی تعیناتی کے تناظر میں آئین کے آرٹیکل 245(4) کا اطلاق کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ میں بعض آئینی درخواستوں پر کارروائی معطل کر دی تھی۔ اس کے بعد گورنر راج، ایمرجنسی اور سیاسی رہنماؤں کی حراست سے متعلق تقریباً 105 درخواستیں ہائیکورٹ کی کاز لسٹ سے نکال دی گئی تھیں۔





