جنیوا: کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ پی جے پوائنٹ ٹو پوائنٹ ون کئی ممالک میں پھیل رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ اس کے بڑھتے ہوئے جغرافیائی پھیلاؤ کے پیش نظر اس کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
اس ویرینٹ کا پہلا نمونہ 2 مئی 2026 کو کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں حاصل کیا گیا تھا۔ بعد ازاں یہ کینیڈا کے دیگر علاقوں، 30 جون کو نیویارک اور پھر امریکا کی کئی ریاستوں میں رپورٹ ہوا۔ آسٹریلیا، سنگاپور اور اسپین میں بھی اس کے کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
اکتوبر 2026 میں جرنل آف انفیکشن میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق، یہ ویرینٹ جے این پوائنٹ ون نسل سے تعلق رکھتا ہے، اس کے اسپائک پروٹین میں بڑی تعداد میں تبدیلیاں پائی گئی ہیں، جن کی وجہ سے یہ انسانی خلیوں میں داخل ہونے کی زیادہ صلاحیت رکھتا ہے۔
تاہم بھارتی طبی ماہرین کے مطابق تحقیق میں یہ ثابت نہیں ہوا کہ نیا ویرینٹ ویکسین سے بننے والی اینٹی باڈیز کو نمایاں طور پر زیادہ چکمہ دے سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی ویرینٹ کا تیزی سے پھیلنا اس بات کی دلیل نہیں کہ وہ زیادہ شدید بیماری کا باعث بھی بنتا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس ویرینٹ کی علامات عام نزلہ زکام یا فلو سے ملتی جلتی ہیں، اس لیے صرف علامات سے اس کی شناخت ممکن نہیں، اور تشخیص کا قابلِ اعتماد ذریعہ ٹیسٹ ہی ہے۔
اب تک ایسے کوئی شواہد سامنے نہیں آئے کہ یہ پچھلے ویرینٹس کے مقابلے میں زیادہ سنگین بیماری کا سبب بنتا ہو، تاہم ماہرین کے مطابق اس کے اثرات کے بارے میں حتمی رائے دینا قبل از وقت ہے۔
طبی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کرایا جائے، ویکسینیشن مکمل رکھی جائے، بیماری کے دوران دوسروں سے قریبی میل جول سے گریز کیا جائے اور سرکاری ہدایات پر عمل کیا جائے۔
واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں اب تک کورونا کے تقریباً 78 کروڑ کیسز اور 70 لاکھ اموات رپورٹ ہو چکی ہیں، تاہم نئے کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔





