تربت: کور کمانڈر بلوچستان کا کہنا ہے کہ صوبے میں سرحدی تجارت کی بحالی کے لیے کام جاری ہے، جس سے مقامی آبادی کے لیے روزگار کے دروازے کھلیں گے اور علاقے کی معیشت کو سہارا ملے گا۔
تربت میں منعقدہ کھلی کچہری میں قبائلی عمائدین اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کور کمانڈر نے کہا کہ بلوچستان کو اسلحہ کلچر سے پاک کر کے امن اور ترقی کی راہ پر ڈالنا ترجیحات میں شامل ہے، اور پاک فوج صوبے میں استحکام اور عوامی بہبود کے لیے سرگرم ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبے جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں سیکیورٹی کے مسائل درپیش ہیں، وہاں بھی ترقیاتی کام نہیں رکیں گے اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی جاری رہے گی۔
کور کمانڈر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہر مشکل گھڑی میں فوج کا ساتھ دیا ہے اور آج بھی وہ فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
کھلی کچہری میں کیچ، تمپ اور پنجگور سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین، سماجی رہنماؤں اور مختلف طبقات کے نمائندوں نے شرکت کی۔ آئی جی ایف سی بلوچستان (جنوب)، آئی جی پولیس بلوچستان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔





