لاہور: پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ آئین میں تبدیلی کا حق صرف قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پاس ہے، اور ریفرنڈم کے ذریعے "آئین کی دیوار توڑ کر اندر داخل ہونے" کی کوشش کی جا رہی ہے۔
لاہور میں ندیم افضل چن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے کہا کہ بلاول بھٹو نے میڈیا اور عدلیہ کی آزادی، معیشت اور علاقائی صورتحال سمیت کئی معاملات پر بات کی، لیکن بحث صرف صوبوں کے معاملے پر ہو رہی ہے۔
چوہدری منظور نے کہا کہ آئین میں تبدیلی کا ایک طریقہ کار موجود ہے۔ ان کے مطابق آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت صوبائی حدود میں تبدیلی کے لیے قومی اسمبلی اور پھر متعلقہ صوبائی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے، اور یہی وہ واحد آرٹیکل ہے جو صوبائی اسمبلی کو عملاً ویٹو کا اختیار دیتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر عوام ریفرنڈم میں رائے دیں تو کیا اسے آئینی تبدیلی تصور کیا جا سکتا ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ آئین ایک چار دیواری ہے، اور ریفرنڈم کے ذریعے "چور دروازے" سے اس میں داخل ہونے کی کوشش 58 ٹو بی کو دوبارہ بحال کرنے کے مترادف ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ 1973 کے آئین بنانے والوں کے ذہن میں یہ تھا کہ ماضی میں ایک آمر نے ایک صفحے کے حکم سے صوبے توڑ کر ون یونٹ بنا دیا، اور اگلے آمر نے اسی طرح ون یونٹ توڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے اصول یہ ہے کہ جس صوبے کی حدود تبدیل ہونی ہیں، بحث سب سے پہلے وہیں ہو۔
چوہدری منظور نے کہا کہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آرٹیکل 239 ختم کر دیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسا طاقت کے زور پر ہو سکتا ہے، لیکن ایسا کوئی اقدام دیرپا نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک معاشی طور پر اس قابل نہیں کہ نئے صوبوں کے انتظامی اخراجات اٹھا سکے، اور حکومت کا اصل مسئلہ صوبے نہیں بلکہ این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں ترمیم ہے۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ بلاول بھٹو نے صوبائی خودمختاری، جمہوریت اور میڈیا کی آزادی پر بات کی، لیکن صوبوں کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) یا حکومت کی جانب سے کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔





