کراچی: پیپلز پارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے، جس میں پیپلز پارٹی ایم کیو ایم سے 29 نومبر کی ریلی ملتوی کرنے کی درخواست کرے گی۔
پیپلز پارٹی کے وفد میں ضیاء الحسن لنجار، ناصر حسین شاہ، نثار کھوڑو اور سینیٹر وقار مہدی شامل ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے فاروق ستار، سندھ اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف علی خورشیدی اور ارکانِ صوبائی اسمبلی ملاقات میں شریک ہیں۔
ملاقات کے آغاز پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔ وقار مہدی نے علی خورشیدی سے ان کا حال پوچھا۔ فاروق ستار نے وقار مہدی سے سوال کیا کہ ان کا سندھ اسمبلی کا اجلاس کیسا رہا، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ "ہم سندھ اسمبلی نہیں، سینیٹ والے ہیں"۔
فاروق ستار نے پوچھا کہ کیا سندھ اسمبلی کے 100 دن پورے کرائے جا رہے ہیں، جس پر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ "علی بھائی تو 120 دن پورے کروانے میں لگے ہیں"۔ مصافحے کے دوران فاروق ستار نے کہا: "ابھی ہاتھ ملا لیتے ہیں، گلے پھر مل لیں گے"۔
واضح رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب نئے صوبوں کے معاملے پر دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان سخت بیانات کا تبادلہ ہوا ہے۔





