پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں غیر قانونی کان کنی، اس کی مبینہ سرپرستی اور اس کے ذریعے دہشتگردوں کی معاونت سے متعلق معاملات کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم کر دیا ہے۔
پشاور ہائیکورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) اسداللہ خان چمکنی کو انکوائری کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
کمیشن صوبے میں غیر قانونی کان کنی کے معاملات، اس میں مبینہ طور پر ملوث عناصر، متعلقہ افراد اور اداروں کی سرپرستی سمیت دہشتگردوں کو ممکنہ مالی یا دیگر معاونت فراہم کیے جانے کے الزامات کا جائزہ لے گا۔
حکومت کی جانب سے کمیشن کے قیام کا فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب صوبے میں سونے کی غیر قانونی کان کنی اور اس سے حاصل ہونے والی آمدن کے استعمال سے متعلق الزامات سامنے آئے ہیں۔اس معاملے نے کوہاٹ میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں پر ہونے والے حملے کے تناظر میں بھی اہمیت اختیار کرلی ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 14 نومبر کو صوبے میں سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں معطل کرنے اور متعلقہ لیزز منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔





