پشاور: خیبرپختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی اور پلیسر گولڈ مائننگ کے معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم کر دیا گیا۔ محکمہ داخلہ و قبائلی امور نے کمیشن کی تشکیل کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے وفاقی حکومت کی جانب سے حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے انکوائری کمیشن تشکیل دیا ہے، جس کے چیئرمین پشاور ہائیکورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) اسد اللہ خان چمکنی مقرر کیے گئے ہیں۔
کمیشن میں بیرسٹر محمد یاسین رضا بطور لیگل ایڈوائزر و رکن، ڈی آئی جی شیر اکبر خان، ایڈیشنل سیکرٹری صحت واصف رحمان اور انجینئر زیارت خان شامل ہوں گے، جبکہ آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے نامزد نمائندے بھی کمیشن کا حصہ ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق کمیشن کوہاٹ، نوشہرہ، کرک اور دیگر متاثرہ اضلاع میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کی نوعیت، طریقہ کار اور دورانیے کا تعین کرے گا۔ اس کے علاوہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث نیٹ ورکس، سہولت کاروں اور مبینہ طور پر سرپرستی کرنے والی سیاسی و سرکاری شخصیات کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔
انکوائری کمیشن قومی خزانے کو پہنچنے والے مالی نقصان، منی لانڈرنگ، معدنیات کی اسمگلنگ اور جرائم پیشہ یا عسکریت پسند گروہوں کے ساتھ ممکنہ روابط کا بھی جائزہ لے گا۔
کمیشن 11 نومبر 2026 کو کوہاٹ میں پیش آنے والے واقعے اور پولیس اہلکاروں پر حملے کے غیر قانونی کان کنی کے نیٹ ورکس سے ممکنہ تعلق کی بھی تحقیقات کرے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کو گواہوں کو طلب کرنے، متعلقہ ریکارڈ تحویل میں لینے اور کسی بھی معاملے میں پولیس تحقیقات کا حکم دینے کے اختیارات حاصل ہوں گے۔
انکوائری کمیشن اپنی جامع رپورٹ اور سفارشات 45 روز کے اندر گورنر خیبرپختونخوا کو پیش کرے گا





