پشاور: خیبرپختونخوا میں سونے کی مبینہ غیر قانونی کان کنی اور معدنیات کی اسمگلنگ کے معاملے پر سیاسی تنازع شدت اختیار کرگیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر خرم ذیشان نے غیر قانونی کان کنی میں ملوث ہونے کے الزامات پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو 5 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔
سینیٹر خرم ذیشان نے گورنر کی جانب سے عائد کردہ الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان بیانات سے ان کی سیاسی ساکھ، شہرت اور عزت کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ ان کی زندگی کو بھی خطرات لاحق ہوئے ہیں۔
خرم ذیشان کے وکیل واسط علی شاہ کے مطابق قانونی نوٹس ڈیفیمیشن آرڈیننس 2002 کے تحت بھجوایا گیا ہے، جس میں گورنر فیصل کریم کنڈی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ 14 روز کے اندر الزامات کا جواب دیں اور اپنے بیان پر معافی مانگیں۔
نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر جواب اور معافی نہ ملنے کی صورت میں گورنر کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے 5 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس تنازع کا آغاز 14 نومبر کو ہوا، جب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران صوبے میں سونے کی مبینہ غیر قانونی کان کنی، بھتہ خوری اور معدنیات کی اسمگلنگ سے متعلق سنگین الزامات عائد کیے تھے۔
گورنر نے دعویٰ کیا تھا کہ ضلع کوہاٹ کے دو بلاکس سے ماہانہ تقریباً 90 کلوگرام سونا نکالا جا رہا ہے، جس کی مالیت اربوں روپے بنتی ہے، جبکہ اس غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والی آمدن کا تقریباً 80 فیصد افغانستان منتقل کیا جا رہا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے الزام لگایا تھا کہ غیر قانونی کان کنی کے نیٹ ورک کی پشت پناہی کرنے والوں میں مختلف سیاسی شخصیات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے 12 سیاسی شخصیات کے نام لیے تھے، جن میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر خرم ذیشان بھی شامل تھے۔
گورنر نے مزید دعویٰ کیا تھا کہ غیر قانونی کان کنی سے حاصل ہونے والی رقم دہشت گردی اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں استعمال ہو رہی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخصیات کے نام کسی ایف آئی آر میں شامل نہیں کیے گئے اور تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب سینیٹر خرم ذیشان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے غیر قانونی کان کنی اور معدنیات کی اسمگلنگ سے کسی بھی قسم کے تعلق کی تردید کی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ الزامات کے ذریعے ان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی، جس پر انہوں نے قانونی راستہ اختیار کیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں معدنی وسائل کی غیر قانونی کان کنی اور مبینہ اسمگلنگ کا معاملہ پہلے ہی سیاسی اور انتظامی سطح پر زیر بحث ہے۔ ایسے میں سینیٹر خرم ذیشان کی جانب سے گورنر کو قانونی نوٹس بھیجے جانے کے بعد یہ معاملہ اب قانونی محاذ پر بھی پہنچ گیا ہے





