پشاور: تھانہ ٹاؤن کی حدود میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک طالب علم سات روز تک زیرِ علاج رہنے کے بعد جاں بحق ہو گیا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق چارٹرڈ اکاؤنٹنسی (سی اے) کا یہ طالب علم ایک ہفتہ قبل اپنے دوستوں کے ساتھ کوئٹہ کیفے میں چائے پی رہا تھا۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے ان سے موبائل فون اور نقدی چھین لی اور فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے طالب علم شدید زخمی ہو گیا۔ اسے رحمان اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ سات روز تک زیرِ علاج رہا اور آج دم توڑ گیا۔
اطلاعات کے مطابق ملزم کی شناخت سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے ہو چکی ہے، اس کے باوجود ٹاؤن پولیس ایک ہفتے بعد بھی کوئی گرفتاری نہیں کر سکی۔ اس حوالے سے پولیس کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔
جاں بحق طالب علم کی نمازِ جنازہ آج دوپہر دو بجے مردان میں ادا کی جائے گی۔





