سوات: اپر سوات کی تحصیل خوازہ خیلہ میں پولیس نے 13 سالہ بچی کی 45 سالہ شخص سے زبردستی شادی کرانے کے الزام میں بچی کے والد اور شوہر کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق بچی نے خود تھانے آ کر بیان دیا کہ اس کے والد نے تقریباً تین ماہ قبل زبردستی اس کی شادی کرا دی تھی۔ بچی نے الزام لگایا کہ شوہر اس کے ساتھ جنسی زیادتی اور تشدد کرتا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق بچی نے بتایا کہ شوہر پہلے سے شادی شدہ ہے اور اس کے بچے بھی ہیں۔ بچی کا الزام ہے کہ انکار کرنے پر شوہر اور والد اسے اور اس کی والدہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔
پولیس نے بچی کے بیان پر چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 1929 کی دفعہ 4، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ایکٹ 2010 کی دفعات 37 اور 53، اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 506-ii کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے، اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔





