کراچی: سپرہائی وے دنبہ گوٹھ کے قریب واٹر سپلائی کی مرکزی لائن سے 30 سالہ عورت کی لاش برآمد ہوئی ہے جو تین دن قبل اپنی دو کمسن بیٹیوں سمیت لاپتہ ہو گئی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاش واٹر کورس کے جال میں پھنسی ہوئی حالت میں ملی جس کو تحویل میں لے کر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
متوفیہ کے اہل خانہ نے شوہر پر تشدد اور قتل کا شک ظاہر کیا تھا، جس کے بعد پولیس نے شوہر کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ایچ ایس او ملیر کینٹ اور میمن گوٹھ پولیس کے مطابق گھر میں تنازع کے بعد عورت بچوں کو لے کر نکل گئی تھی۔
پولیس گلشنِ اقبال تک پھیلی واٹر لائن پر غوطہ خوروں کی مدد سے دونوں لاپتہ بچیوں کی تلاش کر رہی ہے اور قریبی فارم ہاؤس کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔




