کراچی: شہرِ قائد کے علاقے گلشنِ معمار میں قائم ایک نجی کلینک کے اندر داخل ہو کر نامعلوم مسلح شخص نے فائرنگ کر کے ڈاکٹر کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ قائد اعظم پارک کے قریب قائم نجی کلینک میں پیش آیا، جہاں ایک مسلح ملزم نے ڈاکٹر کے سر پر گولی ماری اور موقع سے فرار ہو گیا۔
فائرنگ کے وقت کلینک میں مقتول کے ہمراہ دوسرا ڈاکٹر اور مریض بھی موجود تھے۔ شدید زخمی حالت میں ڈاکٹر کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
ایس ایچ او گلشنِ معمار کے مطابق پولیس کی نفری اور کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ کو محفوظ کر کے شواہد جمع کر لیے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات سے واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ دوسری جانب وزیرِ داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔




