اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ خطے میں موجودہ بحرانوں کی بنیادی وجہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ کوششیں ہیں۔ انہوں نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ان اقدامات سے فلسطین کے ساتھ شام، لبنان اوردیگر پڑوسی ممالک شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مکہ اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
امریکی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں حکومت چاہے کسی بھی جماعت کی ہو، پاکستان کے اس کے ساتھ بہترین تعلقات رہے ہیں۔ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی سمیت تمام شعبوں میں امریکی انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔
پاک بھارت تعلقات اور ویزا پالیسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزوں کا اجرا بند نہیں کیا۔ اگر بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان پاکستان آنا چاہیں تو انہیں ویزا دینے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 9 ہزار اور رواں سال 4 ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے گئے۔
سجاد حیدر خان نے کہا کہ بھارت نے مئی 2025 کے بعد سے کرتارپور راہداری کے ذریعے زائرین کی آمد و رفت معطل کر رکھی ہے۔ بھارت کی جانب سے پابندیاں ختم ہوتے ہی پاکستان سکھ یاتریوں کی سہولت کاری کے لیے تیار ہے۔ پاکستان نے بات چیت نہ ہونے کے باوجود اربوں روپے کے اخراجات سے راہداری قائم کی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا دعوت نامہ موصول ہو گیا ہے اور اس میں شرکت کا فیصلہ ادارہ جاتی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔




