پشاور میں سولر انرجی نمائش کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے نمائش میں شریک قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں، پولیس کی استعداد کار بڑھانے اور اسے مزید مضبوط بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے عوام کا تعاون ضروری ہے۔
سیاسی صورتحال اور شوکت یوسفزئی کے الزامات کے حوالے سے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ان کی سیاسی تربیت ایسی نہیں کہ وہ کسی کو گالیاں دیں۔ شوکت یوسفزئی کو گالیاں ان کے اپنے لوگوں نے دی ہیں اور وہ ٹی وی پر بیٹھ کر رو رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے مشر ہیں، انہیں گالیاں دینے سے متعلق بات درست نہیں، تاہم شوکت یوسفزئی چاہتے ہیں کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف ایسی زبان استعمال کریں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے نمائندے ہیں اور صدر نے انہیں یہ ذمہ داری سونپی ہے۔ ان کے نزدیک مسائل کا حل مذاکرات اور متعلقہ آئینی فورمز پر بات چیت کے ذریعے ممکن ہے۔
گورنر راج کے نفاذ سے متعلق سوال پر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ میں 99 فیصد کردار پاکستان تحریک انصاف کا تھا۔ ان کا الزام تھا کہ پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاست کے ساتھ کھڑی نہیں تھی اور اس کے رہنما دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے جنازوں میں شرکت نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ بعض آرڈیننسز کے ذریعے اسپیکر کے اختیارات واپس لے لیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اختیارات نہیں بلکہ صوبے میں امن چاہیے۔
ریفرنڈم سے متعلق سوال پر گورنر نے کہا کہ یہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا معاملہ نہیں بلکہ سندھ اور پنجاب سے متعلق ہے





