اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نام لیے بغیر ان کے مبینہ متضاد بیانات پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا خیال تھا نئی نسل ان کی نسل سے بہتر اور اصول پسند ہوگی، لیکن انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ "دو نمبری میں استاد نکلیں گے اور کمال کے رنگ بدلیں گے"۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک صارف کی پوسٹ ری شیئر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن کا مشہور پنجابی جملہ بھی لکھا: "مختیاریا اے تے گل ودھ گئی اے"۔
جس پوسٹ پر وزیر دفاع نے تبصرہ کیا، اس میں بلاول بھٹو کے دو ویڈیو کلپس شامل ہیں۔ پہلے کلپ میں بلاول بھٹو پی ٹی آئی اور عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کا لیڈر رو رہا ہے کہ "مجھے نکالو، مجھے نکالو"۔ اسی کلپ میں وہ کہتے ہیں کہ یہ کوئی تحریکِ آزادی نہیں بلکہ لیڈر کا رونا دھونا ہے۔
دوسرے کلپ میں بلاول بھٹو عمران خان کو "سیاسی قیدی" قرار دیتے ہیں، اور کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو درپیش مشکلات کی وجوہات سیاسی ہیں۔ اس کلپ میں ان کا کہنا ہے کہ وہ ایسا دن دیکھنا چاہتے ہیں جب کسی وزیراعظم کو جیل نہ جانا پڑے، کیونکہ یہاں جو بھی وزیراعظم بنتا ہے اسے جیل جانا پڑتا ہے۔
بلاول بھٹو یا پیپلز پارٹی کی جانب سے خواجہ آصف کے تبصرے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔





