پشاور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو انصاف فراہم کیا جائے اور ان کے خلاف مبینہ زیادتیوں اور ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ پشاور پریس کلب میں دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گزشتہ چار سال سے ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے، پی ٹی آئی رہنما اور کارکن ماضی میں بھی پرامن تھے اور آئندہ بھی پرامن رہیں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں گرفتار ہونے والے پارٹی رہنماؤں کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ جن رہنماؤں کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا تھا، انہیں پشاور ہائی کورٹ نے ضمانت دی، اس کے باوجود کارکنوں اور رہنماؤں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت کے ایک حکم کے باعث تھری ایم پی او کے تحت گرفتار افراد کو انصاف کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ ہے کہ کسی کو ناحق قید میں رکھ کر انصاف سے محروم نہ کیا جائے اور پی ٹی آئی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کے منتخب پارلیمنٹیرینز عوام کے ووٹوں سے ایوانوں میں پہنچے ہیں اور اپنے علاقوں میں امن و امان اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ عدلیہ کی آزادی کے لیے بھی آواز اٹھائی ہے، تاہم جب عوام اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے ہیں تو حالات مزید مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کی سیکیورٹی واپس لیے جانے سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ حکومت نے مولانا فضل الرحمان اور ان کے اہل خانہ کی سیکیورٹی واپس لے لی ہے۔ ایسے سیاسی رہنماؤں کی سیکیورٹی واپس نہیں لی جانی چاہیے، کیونکہ ریاست کی ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے۔ سیاسی تناؤ میں اضافے سے حالات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں۔انہوں نے ملک میں سیاسی مفاہمت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی قوتیں متحد ہو کر ایسا اتحاد بنائیں جس سے ملک بہتر سمت میں آگے بڑھے اور سیاست عوام کی بہتری کے لیے کی جائے۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ اگر کوئی ڈرافٹ سامنے آتا ہے تو پی ٹی آئی اپنے اتحادیوں اور بانی چیئرمین عمران خان سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔
مخصوص نشستوں کے معاملے پر انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن جماعتوں نے پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں حاصل کیں اور اس نظام سے فائدہ اٹھایا، وہ یہ نشستیں پاکستان تحریک انصاف کو واپس کریں۔




