گولڈ کوسٹ: انگلینڈ نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔ انگلینڈ نے 185 رنز کا ہدف 41 گیندیں باقی رہتے ہوئے صرف 13.1 اوورز میں حاصل کر لیا۔
کیرارا اسٹیڈیم میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی، اور مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 184 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی پانچ وکٹیں 84 رنز پر گر گئی تھیں، تاہم نکھل چوہدری نے 35 گیندوں پر 45 اور جوئل ڈیویز نے 25 گیندوں پر 39 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالا۔ آخری اوور میں بین ڈوارشوئس نے آخری تین گیندوں پر لگاتار تین چھکے لگائے، اور چار گیندوں پر 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن نے 29 اور ہنری کروکمب نے 40 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنرز اینیورین ڈونلڈ اور فل سالٹ نے پہلی وکٹ پر 151 رنز کی شراکت قائم کی، اور پاور پلے کے چھ اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 79 رنز بنائے۔ اینیورین ڈونلڈ نے 18 گیندوں پر اپنی پہلی ٹی 20 انٹرنیشنل نصف سنچری مکمل کی، جو انگلینڈ کی جانب سے تیسری تیز ترین نصف سنچری ہے۔ انہوں نے 32 گیندوں پر چار چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے 85 رنز بنائے۔ فل سالٹ نے 30 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی۔
دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹام بینٹن نے آٹھ گیندوں پر 26 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، اور 14ویں اوور کی پہلی گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ گیندوں کے لحاظ سے یہ ہدف کے دفاع میں آسٹریلیا کی ٹی 20 انٹرنیشنل میں دوسری سب سے بڑی شکست ہے۔





