سڈنی: ایک تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے اکتوبر 2018 میں پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ کے دوران منٹس کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرنے کا مبینہ منصوبہ بنایا تھا۔ یہ واقعہ کیپ ٹاؤن کے سینڈ پیپر اسکینڈل کے صرف چھ ماہ بعد پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی کھلاڑیوں نے مبینہ طور پر گیند پر منٹس استعمال کرنے کے لیے آپس میں مشورہ کیا۔ اس موقع پر ایک نئے کھلاڑی نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ "کیا ہم دوبارہ وہی حرکت کرنے جا رہے ہیں؟"۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میچ کے دوران ایک متبادل فیلڈر کو مبینہ طور پر منٹس لینے ڈریسنگ روم بھیجا گیا، تاہم اس وقت کے کپتان ٹم پین نے مداخلت کر کے اسے واپس بلا لیا۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت کے کوچ جسٹن لینگر اس مبینہ اقدام پر شدید برہم ہوئے، اور ٹم پین نے سپورٹ اسٹاف کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی کپتانی میں منٹس سے گیند کی حالت تبدیل نہیں کی جائے گی۔
رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ میں سینڈ پیپر کے بغیر بھی بال ٹیمپرنگ کی روایت موجود تھی۔ کیپ ٹاؤن اسکینڈل کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے میدان میں ٹافیاں لے جانے پر بھی پابندی لگا دی تھی۔
کرکٹ آسٹریلیا یا متعلقہ کھلاڑیوں کی جانب سے رپورٹ پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوا تھا۔





