بٹگرام: ضلع بٹگرام میں پالس کوہستانی اور الائی گیلال قبائل کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں سات افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ آج پیش آیا۔ اس میں الائی گیلال قبیلے کے چار اور پالس کوہستانی قبیلے کے تین افراد جاں بحق ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ تھانہ پزنگ میں قتل، اقدامِ قتل اور ہنگامہ آرائی کی دفعات 302، 324 اور 148/149 کے تحت درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر میں مدعی نے الزام لگایا ہے کہ ملزمان نے منصوبہ بندی کے تحت فائرنگ کی۔ مقدمے میں متعدد افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ گیلال قوم کے افراد نے تحصیل الائی کے مین چوک پر احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
پولیس کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے کے لیے علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے، اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔




