لکی مروت: تحصیل سب ڈویژن بیٹنی میں تجوڑی ٹو شادی خیل روڈ پر شین کیچ تاجبی خیل کے مقام پر مبینہ طور پر نصب دھماکہ خیز مواد دھماکے سے پھٹ گیا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد نے سڑک کنارے ایک ڈرم میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) نصب کر رکھا تھا، جو آج صبح اچانک دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے وقت ایک گاڑی بھی وہاں سے گزر رہی تھی، تاہم گاڑی محفوظ رہی اور اس میں سوار افراد بھی محفوظ رہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ممکنہ طور پر مزید دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ دھماکے میں استعمال ہونے والے مواد اور اسے نصب کرنے والے نامعلوم افراد سے متعلق معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔ حکام کے مطابق واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔




