مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا تصادم محض دو جوہری ہتھیار رکھنے والے ہمسایہ ممالک کے درمیان ایک اور فوجی جھڑپ نہیں تھا۔ یہ ایک ایسے خطے میں بازداریت کے ساتھ ساتھ تزویراتی ضبط کا بھی امتحان تھا، جہاں حالات تیزی سے کشیدہ ہو سکتے ہیں۔
تاہم، یہ تصادم 10 مئی کی جنگ بندی کے ساتھ ختم نہیں ہوا۔ درحقیقت، اس کے زیادہ اہم اثرات بعد میں سامنے آئے، جب اس تصادم نے بھارت، چین، امریکا اور خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو نئی شکل دی۔
اس کے علاوہ، پانی کے تحفظ اور بازداریت کے معاملات بھی اسلام آباد کی خارجہ پالیسی کے حساب کتاب میں مزید مرکزی حیثیت اختیار کر گئے۔ چنانچہ پاکستان کے لیے بنیان المرصوص ایک ایسے اہم موڑ کی حیثیت اختیار کر گیا جس نے خطے اور عالمی سطح پر اس کی پوزیشن کو تبدیل کیا۔
اگرچہ فوری فوجی تصادم ختم ہوگیا، تاہم پاکستان اور بھارت کے تعلقات مزید سرد اور سخت مرحلے میں داخل ہوگئے۔ سفارتی روابط بڑی حد تک منجمد رہے، تجارت معطل رہی، جبکہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے (IWT) کو یک طرفہ طور پر معطل کرنے کے فیصلے نے اس تنازع میں ایک نئی اور ممکنہ طور پر عدم استحکام پیدا کرنے والی جہت شامل کر دی۔
تاہم، یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ بحران کے دوران اور اس کے بعد بھی دونوں ممالک کے درمیان فوجی رابطے کے ذرائع فعال رہے، اگرچہ ان کا مقصد سیاسی تعلقات کی بحالی کے بجائے ایک اور کشیدگی کو روکنا تھا۔
تزویراتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے لیے سب سے نمایاں پیش رفت بازداریت کا بطور سیاسی آلہ دوبارہ نمایاں ہونا تھا۔ مزید یہ کہ مئی کے تصادم نے یہ بھی ظاہر کیا کہ بھارت کی مبینہ طور پر سزا دینے کے لیے کیے جانے والے حملوں کی صلاحیت لازماً اس صلاحیت میں تبدیل نہیں ہوئی کہ وہ اس کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کو اپنے قابو میں رکھ سکے۔
اس کے برعکس، پاکستان جوابی کارروائی کرنے، کشیدگی کم کرنے کے لیے بین الاقوامی دباؤ برداشت کرنے اور بالآخر جنگ بندی تک پہنچنے میں کامیاب رہا، جبکہ تصادم ایک وسیع تر جنگ میں تبدیل نہیں ہوا۔
اس سے بھارت کی بڑی اقتصادی یا روایتی عسکری برتریاں ختم نہیں ہوئیں، تاہم اس مفروضے کو ضرور پیچیدہ بنا دیا کہ ان برتریوں کو نسبتاً کم لاگت کے ساتھ فوجی دباؤ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
اس کا نتیجہ دونوں ممالک کے لیے زیادہ محتاط تزویراتی حساب کتاب کی صورت میں نکلا، یعنی آئندہ ایسا کوئی بحران تیزی سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے ثابت شدہ خطرے کے ساتھ سامنے آئے گا۔
تاہم، اپنے تمام مضمرات کے باوجود، اس تصادم نے بیک وقت پاکستان کی جغرافیائی سیاسی اہمیت میں بھی اضافہ کیا۔
بحران کے دوران واشنگٹن کی براہِ راست سفارتی سرگرمی کے بعد پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بتدریج بہتری آئی۔
یہ سرد جنگ کے دور کے اتحاد کی بحالی نہیں تھی اور نہ ہی اس نے بھارت کے ساتھ واشنگٹن کی تزویراتی شراکت داری اور اسلام آباد کے مفادات کے درمیان بنیادی اختلاف کو ختم کیا۔
اس کے باوجود یہ بات اہم تھی کہ ایک مرتبہ پھر پاکستان امریکا کے لیے ایک اہم فریقِ گفتگو بن گیا، ایسے وقت میں جب جنوبی ایشیا کا استحکام، افغانستان اور وسیع تر علاقائی سلامتی دوبارہ توجہ کا مرکز بن رہے تھے۔
یوں مئی کے بحران نے ایک ایسی سفارتی گنجائش پیدا کی جسے اسلام آباد نے بعد میں مستحکم کرنے کی کوشش کی۔
اسی دوران چین اور پاکستان کے تعلقات بھی زیادہ نمایاں ہو کر سامنے آئے۔ پاکستان نے تصادم کے دوران چینی ساختہ فوجی نظام استعمال کیے، جس نے ان کی کارکردگی کو بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنا دیا۔
بیجنگ نے بھی اسلام آباد کی سیاسی حمایت جاری رکھی، جبکہ بحران کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط بھی برقرار رہے۔
اس تنازع نے پاک چین تعلقات کو عالمی توجہ کے مرکز میں لا کھڑا کیا اور پاکستان کے لیے ان تعلقات کی مسلسل اہمیت کو واضح کیا۔
پاکستان کی سفارتی اہمیت صرف بھارت، چین اور امریکا کے مثلث تک محدود نہیں رہی۔
2026 میں اسلام آباد نے امریکا اور ایران کے درمیان براہِ راست روابط کی سہولت کاری کی، جس میں 1979 کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلی مرتبہ عوامی سطح پر آمنے سامنے مذاکرات کی میزبانی بھی شامل تھی، جبکہ بعد کے مذاکرات میں بھی قطر کے ساتھ پاکستان کا کردار برقرار رہا۔
پاکستان کا یہ کردار اس کی اس صلاحیت کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ واشنگٹن، تہران اور اہم خلیجی ممالک کے ساتھ ان کے باہمی متضاد مفادات کے باوجود عملی نوعیت کے تعلقات برقرار رکھ سکتا ہے۔
اس ثالثی کو براہِ راست بنیان المرصوص کا نتیجہ قرار نہیں دیا جا سکتا، تاہم یہ اس وسیع تر تبدیلی کا حصہ ضرور تھی کہ 2025 کے تصادم کے بعد پاکستان کو کس نظر سے دیکھا جانے لگا۔
اب پاکستان کو صرف جنوبی ایشیا کے سلامتی سے متعلق حساب کتاب میں مرکزی حیثیت رکھنے والی ریاست کے طور پر نہیں، بلکہ وسیع تر علاقائی بحرانوں میں رابطے کے ایک ممکنہ ذریعے کے طور پر بھی دیکھا جانے لگا۔
تصادم کے بعد کے دور نے خلیجی ممالک کے لیے پاکستان کی تزویراتی اہمیت کو بھی مزید مضبوط کیا۔
سعودی عرب، ترکیہ اور دیگر علاقائی ممالک نے 2025 کے بحران کے دوران پہلے ہی سفارتی کردار ادا کیا تھا، تاہم اس کے بعد تعلقات سیاسی حمایت سے آگے بڑھ کر زیادہ منظم سکیورٹی شراکت داری کی جانب بڑھے۔
اس کی واضح ترین مثال 7 اگست 2026 کو سامنے آئی، جب پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت کسی ایک دستخط کنندہ ملک پر مسلح حملے کو تمام دستخط کنندہ ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
اگرچہ یہ معاہدہ مشرق وسطیٰ میں وسیع تر سلامتی کے خدشات کے پس منظر میں سامنے آیا اور اسے محض بنیان المرصوص کا نتیجہ قرار دینا درست نہیں ہوگا، تاہم اس کا ظہور بلاشبہ اس بڑھتی ہوئی علاقائی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے جو پاکستان کی فوجی اور تزویراتی صلاحیتوں کو دی جا رہی ہے۔
تاہم، شاید سب سے دیرپا نتیجہ پانی کے مسئلے کا ایک تزویراتی سلامتی کے معاملے میں تبدیل ہونا ہے۔
پہلگام حملے کے بعد بھارت کے سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنے کے فیصلے نے ان چند دو طرفہ انتظامات میں سے ایک کو متاثر کیا جو گزشتہ جنگوں کے باوجود برقرار رہے تھے۔
پاکستان نے اس کے جواب میں تنازع کے قانونی پہلو کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا۔
31 اگست 2026 کو ہیگ میں قائم ایک ثالثی پینل نے فیصلہ دیا کہ یہ معاہدہ قانونی طور پر بدستور پابند ہے اور بھارت اسے یک طرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا۔ پینل نے رتلے پن بجلی منصوبے سے متعلق بھی پابندیاں عائد کیں۔
بھارت نے ثالثی پینل کے دائرۂ اختیار کو مسترد کر دیا اور مؤقف برقرار رکھا کہ معاہدے کو التوا میں رکھنے کا اس کا فیصلہ بدستور مؤثر ہے۔
تاہم پاکستان کے لیے یہ فیصلہ ایک اہم سفارتی اور قانونی کامیابی کی حیثیت رکھتا تھا، کیونکہ اسلام آباد پانی کے مسئلے کو محض دو طرفہ دباؤ کے ایک آلے میں تبدیل ہونے دینے کے بجائے معاہدے کو بین الاقوامی قانونی دائرہ کار میں رکھنے میں کامیاب رہا۔
اس کے علاوہ، اس تنازع نے پاکستان کے سلامتی کے ماحول کے اطلاعاتی پہلو کو بھی تبدیل کیا۔
فوجی نقصانات، ہتھیاروں کی کارکردگی اور میدانِ جنگ کے نتائج سے متعلق متضاد بیانیوں نے ظاہر کیا کہ روایتی فوجی طاقت کے ساتھ اب تزویراتی ابلاغ بھی اہم ہو چکا ہے۔
پاکستان کی جانب سے اپنے ردِعمل کے بارے میں عالمی تاثر کو تشکیل دینے کی صلاحیت تقریباً اتنی ہی اہم بن گئی جتنی خود اس کا عملی ردِعمل۔
اس صورتحال نے معلوماتی جنگ، تکنیکی صلاحیت اور بحران کے دوران سرکاری ابلاغ کی ساکھ پر زیادہ توجہ کو جنم دیا ہے۔
تاہم، بنیان المرصوص کے بعد کا منظرنامہ پاکستان کے لیے کوئی غیر پیچیدہ تزویراتی کامیابی نہیں ہے۔
ملک زیادہ فوجی اور سفارتی اہمیت کے ساتھ ابھرا، لیکن اس تصادم نے اس کی اقتصادی کمزوریوں کو بھی نمایاں کر دیا۔
بین الاقوامی توجہ اور بیرونی شراکت داریاں معاشی مضبوطی کا متبادل نہیں بن سکتیں، اور نہ ہی فوجی بازداریت ان ساختی مسائل کو حل کر سکتی ہے جو پاکستان اور بھارت کے تعلقات کی بنیاد میں موجود ہیں۔
کشمیر کا تنازع بدستور حل طلب ہے، دو طرفہ سفارت کاری محدود ہے اور ایک اور بحران کا خطرہ ختم نہیں ہوا۔
چنانچہ بنیان المرصوص کی اصل اہمیت اس میں ہے کہ اس کے بعد کیا ہوا۔
پاکستان مئی 2025 سے اس حالت میں نہیں نکلا کہ خطے کا توازن مکمل طور پر اس کے حق میں تبدیل ہوگیا ہو؛ بلکہ وہ اس توازن کے اندر زیادہ تزویراتی وزن کے ساتھ ابھرا۔
اس کی بازداریت زیادہ نمایاں ہوگئی، چین اور خلیجی ممالک کے ساتھ اس کے تعلقات نے زیادہ اہم سکیورٹی حیثیت اختیار کر لی، واشنگٹن نے سفارتی گنجائش دوبارہ پیدا کی، جبکہ سندھ طاس معاہدہ دو طرفہ تعلقات کے پس منظر سے نکل کر پاکستان کے قومی سلامتی کے خدشات کے مرکز میں آگیا۔
اب چیلنج یہ ہے کہ آیا اسلام آباد اس بڑھتی ہوئی تزویراتی اہمیت کو دیرپا سفارتی اور معاشی اثر و رسوخ میں تبدیل کر سکتا ہے۔
مئی کے بعد کا دور اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان کو اپنی پالیسی کے لیے زیادہ گنجائش حاصل ہوئی ہے۔ تاہم، آیا وہ اس گنجائش کو دیرپا تزویراتی خودمختاری میں تبدیل کر سکتا ہے، اس کا انحصار میدانِ جنگ سے باہر کیے جانے والے اقدامات پر ہوگا۔




