پاکستان میں نئے اور چھوٹے صوبوں کے قیام کا معاملہ ایک مرتبہ پھر سیاسی اور قومی بحث کا موضوع بن چکا ہے۔ مختلف حلقوں کی جانب سے انتظامی بنیادوں پر صوبوں کی تعداد بڑھانے کے مطالبات سامنے آرہے ہیں۔ بظاہر اس تجویز کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر انتظامی سہولیات فراہم کرنا، پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کا خاتمہ اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی بتایا جاتا ہے، لیکن اس بحث کا ایک اہم پہلو ایسا بھی ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان کی موجودہ معاشی صورت حال مزید صوبوں کے قیام اور ان کے بھاری انتظامی اخراجات کی متحمل ہوسکتی ہے؟
پاکستان اس وقت شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہے۔ ملکی معیشت قرضوں کے بوجھ، مہنگائی، بے روزگاری، توانائی کے بحران اور مالیاتی خسارے جیسے سنگین مسائل میں گھری ہوئی ہے۔ حکومت کو اپنے روزمرہ اخراجات پورے کرنے کے لیے بھی مالی وسائل کی کمی کا سامنا ہے، جبکہ قرضوں کی واپسی اور ان پر سود کی ادائیگی قومی بجٹ کا بڑا حصہ نگل جاتی ہے۔ ایسے حالات میں نئے صوبوں کے قیام کا منصوبہ پیش کرنا کئی اہم سوالات کو جنم دیتا ہے۔
نیا صوبہ محض نقشے پر ایک نئی لکیر کھینچنے کا نام نہیں۔ اس کے قیام کے ساتھ ایک مکمل انتظامی اور سیاسی ڈھانچہ بھی تشکیل دینا پڑتا ہے۔ نئے صوبے کے لیے الگ وزیراعلیٰ، گورنر، کابینہ، صوبائی اسمبلی، سیکریٹریٹ، محکمے، پولیس انتظامیہ، عدالتی نظام اور سرکاری مشینری درکار ہوگی۔ اس کے علاوہ سرکاری افسران کی تنخواہیں، رہائش گاہیں، گاڑیاں، دفاتر، سفری اخراجات، مراعات اور پروٹوکول بھی قومی خزانے پر اضافی بوجھ بنیں گے۔
یہ تمام اخراجات کہاں سے پورے کیے جائیں گے؟ کیا پہلے سے قرضوں میں جکڑی ہوئی ریاست مزید قرض لے کر نئے انتظامی مراکز قائم کرے گی؟ کیا عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کا بڑا حصہ عوامی فلاح کے بجائے حکمرانوں اور سرکاری افسر شاہی کے اخراجات پر خرچ کرنا دانش مندی ہوگی؟
نئے صوبوں کے حامی اکثر بھارت کی مثال پیش کرتے ہیں، جہاں وقتاً فوقتاً نئے صوبے قائم کیے گئے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان اور بھارت کی معاشی استعداد، مالی وسائل اور حکومتی ڈھانچے ایک جیسے ہیں؟ کیا ہم محض کسی دوسرے ملک کی مثال دیکھ کر اس کے انتظامی فیصلوں کو اپنے ہاں نافذ کرسکتے ہیں؟ کسی بھی پالیسی کو اپنانے سے پہلے اپنی معاشی حقیقت، قومی ضروریات اور مالی استعداد کو سامنے رکھنا ضروری ہے۔
اگر صرف انتظامی تقسیم ہی مسائل کا حل ہے تو پھر آبادی اور انتظامی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے پورے ملک میں صوبوں کی ازسرنو تشکیل پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔ پنجاب کو راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، لاہور اور سرگودھا سمیت آٹھ انتظامی صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز دی جاسکتی ہے۔ سندھ کو کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور دیگر علاقوں کی بنیاد پر تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ خیبر پختونخوا کو پشاور، ہزارہ، ملاکنڈ اور جنوبی اضلاع کی انتظامی ضروریات کے مطابق نئے حصوں میں تقسیم کرنے کی تجاویز سامنے آسکتی ہیں، جبکہ بلوچستان کو شمالی اور جنوبی حصوں میں تقسیم کرنے پر بھی بحث ہوسکتی ہے۔
اس طرح ملک میں صوبوں کی تعداد موجودہ چار سے بڑھ کر کہیں زیادہ ہوجائے گی۔ لیکن اصل سوال یہ نہیں کہ کتنے صوبے بنائے جاسکتے ہیں، بلکہ یہ ہے کہ ان تمام صوبوں کو چلانے کے لیے وسائل کہاں سے آئیں گے؟ کیا انتظامی تقسیم کے نتیجے میں قومی آمدنی میں اضافہ ہوجائے گا؟ کیا نئے صوبوں کے قیام سے ملک کی برآمدات بڑھیں گی، صنعتوں کو فروغ ملے گا اور بے روزگار نوجوانوں کو روزگار میسر آجائے گا؟ حقیقت یہ ہے کہ صوبوں کی تعداد بڑھانے سے قومی دولت خودبخود نہیں بڑھتی، بلکہ پہلے سے موجود وسائل مزید انتظامی ڈھانچوں میں تقسیم ہوجاتے ہیں۔
اکتوبر 2026 میں شائع ہونے والی پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف مارکیٹ اکانومی کی تحقیق کے مطابق اگر ملک کے تمام 30 ڈویژنوں کو صوبوں میں تبدیل کردیا جائے تو اس انتظامی ڈھانچے پر سالانہ 610 سے 730 ارب روپے تک اخراجات آسکتے ہیں۔ یہ رقم کسی معمولی منصوبے کے لیے مختص نہیں کی جاسکتی۔ یہی وسائل اگر تعلیم، صحت، صاف پانی، سڑکوں، روزگار اور بنیادی شہری سہولیات پر خرچ کیے جائیں تو لاکھوں افراد کی زندگیوں میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔
پاکستان کا بنیادی مسئلہ صوبوں کی کمی نہیں بلکہ اختیارات کی غیر منصفانہ تقسیم، انتظامی نااہلی، بدعنوانی، سیاسی مداخلت اور وسائل کی غیر مساوی تقسیم ہے۔ آج بھی ملک کے موجودہ صوبوں میں اختیارات چند بڑے شہروں اور مخصوص سیاسی و انتظامی حلقوں تک محدود ہیں۔ دور دراز اضلاع کے عوام کو معمولی سرکاری کاموں کے لیے بھی ضلعی اور صوبائی دارالحکومتوں کے چکر لگانا پڑتے ہیں۔
اس مسئلے کا ایک مؤثر حل بااختیار بلدیاتی نظام ہوسکتا ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں مقامی حکومتوں کو وہ اختیارات اور مالی وسائل نہیں دیے جاتے جن کے ذریعے وہ عوام کے بنیادی مسائل حل کرسکیں۔ ورلڈ بینک کی جولائی 2026 کی رپورٹ کے مطابق مقامی حکومتوں کے اخراجات میں حصہ 2005 میں تقریباً 10 فیصد تھا، جو 2024 میں کم ہوکر 4 فیصد سے بھی نیچے آگیا۔ یہ صورت حال واضح کرتی ہے کہ ملک میں اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کے بجائے مزید مرکزی سطح پر محدود کیا جارہا ہے۔
جب موجودہ چار صوبوں میں بلدیاتی ادارے مکمل طور پر بااختیار نہیں بنائے جاسکے تو نئے صوبے قائم کرنے سے عوام کی زندگیوں میں بنیادی تبدیلی کیسے آئے گی؟ کیا نئے صوبوں کے قیام سے سرکاری اسپتالوں میں مفت ادویات دستیاب ہوجائیں گی؟ کیا سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری ہوجائے گی؟ کیا نوجوانوں کو روزگار مل جائے گا؟ کیا تھانوں میں انصاف اور سرکاری دفاتر میں رشوت کا خاتمہ ہوجائے گا؟ یقیناً ان سوالات کا جواب صرف صوبوں کی تعداد بڑھانے سے نہیں مل سکتا۔
یہ حقیقت بھی تسلیم کرنا ضروری ہے کہ پاکستان کے بعض علاقوں میں محرومیاں حقیقی ہیں۔ دور دراز اضلاع کو ترقیاتی منصوبوں میں نظر انداز کیا جاتا ہے، بعض علاقوں کے عوام کو انتظامی رسائی میں مشکلات پیش آتی ہیں اور وسائل کی تقسیم پر بھی تحفظات موجود ہیں۔ ان محرومیوں کو محض سیاسی نعرہ قرار دے کر مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر علاقے کو اس کی آبادی، ضروریات اور پسماندگی کے مطابق ترقی کے مواقع فراہم کرے۔
تاہم محرومیوں کے خاتمے کے لیے ہر مرتبہ نئی حکومت، نئی اسمبلی اور نئی افسر شاہی قائم کرنا ضروری نہیں۔ مضبوط اور خودمختار بلدیاتی ادارے، منصفانہ مالیاتی تقسیم، مقامی سطح پر ترقیاتی بجٹ کا اختیار، شفاف احتساب اور عوام کے سامنے جواب دہ انتظامیہ ایسے اقدامات ہیں جو کم اخراجات میں زیادہ بہتر نتائج دے سکتے ہیں۔
نئے صوبوں کے قیام کی بحث میں ایک اور اہم پہلو بھی نظر انداز نہیں ہونا چاہیے۔ کیا نئے صوبے بنانے سے سیاسی اشرافیہ کی اجارہ داری ختم ہوجائے گی یا صرف اقتدار کے نئے مراکز وجود میں آئیں گے؟ کیا موجودہ سیاسی نظام میں نئی انتظامی اکائیاں عوامی خدمت کا ذریعہ بنیں گی یا نئے سیاسی عہدوں، مراعات اور مفادات کی تقسیم کا وسیلہ ثابت ہوں گی؟ اگر حکمرانی کا طریقہ، احتساب کا نظام اور سیاسی ترجیحات تبدیل نہ ہوئیں تو نئی سرحدوں کے اندر بھی پرانے مسائل ہی جنم لیں گے۔
پاکستان کو اس وقت مزید حکمرانوں، وزیروں، مشیروں اور سرکاری محلات کی نہیں بلکہ بہتر طرز حکمرانی، مضبوط اداروں اور عوام دوست پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ حکومتوں کو چاہیے کہ پہلے موجودہ صوبوں کے انتظامی ڈھانچے کو مؤثر بنائیں، اضلاع کو مالی اور انتظامی اختیارات دیں اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔
نئے صوبوں کا قیام اگر کسی علاقے کی حقیقی انتظامی ضرورت، عوامی اتفاق رائے اور معاشی استعداد کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے تو اس پر سنجیدہ بحث ہوسکتی ہے۔ لیکن محض سیاسی مفادات، اقتدار کی تقسیم یا وقتی مقبولیت کے لیے ایسا فیصلہ کرنا قومی مفاد کے منافی ہوگا۔
آخر میں سوال پھر وہی ہے کہ پاکستان کو اس وقت نئے صوبوں کی ضرورت ہے یا ایک نئے طرز حکمرانی کی؟ کیا ہم مزید انتظامی اخراجات برداشت کرنے کی پوزیشن میں ہیں یا پہلے موجودہ نظام کی اصلاح ضروری ہے؟
قرضوں کے بوجھ تلے دبے ملک میں نئے صوبوں کے نام پر مزید حکمرانوں اور افسر شاہی کا بوجھ ڈالنا کسی طور دانش مندی نہیں۔ عوام کو نقشے پر نئی سرحدیں نہیں بلکہ عملی ریلیف، بہتر تعلیم، معیاری صحت، روزگار، انصاف اور بنیادی سہولیات چاہئیں۔
یاد رکھنا چاہیے کہ قوموں کی تقدیر نقشوں پر لکیریں کھینچنے سے نہیں بلکہ دیانت دار قیادت، مضبوط اداروں اور منصفانہ نظام سے بدلتی ہے۔ اگر نیت اور نظام تبدیل نہ ہوا تو چار صوبوں کے مسائل اٹھارہ صوبوں میں بھی برقرار رہیں گے۔ فرق صرف اتنا ہوگا کہ حکمرانوں کی تعداد بڑھ جائے گی اور عوام کے حصے میں آنے والے وسائل مزید کم ہوجائیں گے۔
پاکستان کو نئے صوبوں سے پہلے بہتر حکمرانوں، بااختیار عوام اور جواب دہ نظام کی ضرورت ہے، ورنہ جن نئے صوبوں کو عوام کے لیے عافیت قرار دیا جارہا ہے، وہ قومی معیشت اور غریب عوام کے لیے ایک نئی آفت بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔





