وہاڑی: ضلع وہاڑی میں اتوار کو 21 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر رشتے داروں نے قتل کردیا۔ پولیس واقعے کی تحقیقات نام نہاد غیرت کے نام پر قتل کے شبہے میں کررہی ہے۔
ڈان کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ خاتون طلاق کے بعد اپنے والدین کے ساتھ رہ رہی تھیں۔ تفتیش کاروں کے مطابق بعض رشتے داروں نے ان کی ذاتی زندگی سے متعلق شکوک کی بنیاد پر مبینہ طور پر حملے کی منصوبہ بندی کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق خاتون کے والد انہیں گھر کے عقب میں لے گئے، جہاں دیگر رشتے دار مبینہ طور پر موجود تھے۔ چاقو کے حملے میں خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے انہیں اسپتال پہنچایا۔ مزید علاج کے لیے ساہیوال کے اسپتال منتقل کرتے ہوئے وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان سے گئیں۔
پولیس نے پانچ نامزد اور دو نامعلوم افراد سمیت سات ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔ نامزد ملزمان میں خاتون کے والد اور بہنوئی بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق خاتون کے قانونی ورثا مقدمہ درج کرانے پر آمادہ نہیں تھے، جس کے بعد ان کے ماموں نے شکایت درج کرائی۔
خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کردی گئی۔





