سوات: سوات پولیس نے شادی کا جھانسہ دے کر ایک لڑکی سے مبینہ زیادتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی نے گزشتہ روز تھانہ بنڑ میں ملزم کے خلاف زیادتی اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ رپورٹ پر ڈی پی او سوات کے نوٹس لینے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے لڑکی کو شادی کا جھانسہ دیا، اور اپنے گھر والوں سے ملوانے کے بہانے گاڑی میں بٹھا کر سیدو شریف کے علاقے میں ایک خالی مکان میں لے گیا۔ وہاں اس نے مبینہ طور پر لڑکی کو نشہ آور مشروب پلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا، اور کسی کو بتانے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی۔





