سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت، پاکستان، ترکیہ کی مملکت کی سلامتی کے لیے حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی کے لیے اپنی حمایت مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ فیصلہ اسلام آباد میں مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ تینوں ممالک نے سعودی عرب میں شہریوں اور عوامی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی مذمت کی اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی مدد جاری رکھنے کا عزم کیا۔
اسحاق ڈار کے مطابق تینوں ممالک علاقائی سلامتی کی صورتحال پر باہمی مشاورت جاری رکھیں گے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے ساتھ ساتھ تنازعات کے حل کے لیے مذاکراتی کوششوں کی حمایت کریں گے۔
اجلاس میں دفاعی صنعت، مشترکہ ٹیکنالوجی کی تیاری اور فوجی تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
کمیٹی نے اپنے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور ریاض میں مکہ دفاعی اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے اجلاس میں اسحاق ڈار کے علاوہ وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی نمائندگی کی۔
اجلاس سے قبل خواجہ آصف نے واضح کیا تھا کہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کو لاحق خطرہ پاکستان اور ترکیہ کے لیے بھی خطرہ تصور ہوگا۔
سعودی عرب کو حالیہ عرصے میں حوثیوں کی جانب سے متعدد حملوں کا سامنا رہا ہے، جبکہ ستمبر میں سعودی تیل تنصیبات پر ہونے والے حملوں میں 73 افراد زخمی ہوئے تھے۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے 7 اگست کو مکہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ معاہدے کے تحت کسی ایک رکن پر مسلح حملہ تینوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا اور دیگر دو ممالک ضرورت پڑنے پر اس کی مدد کریں گے، جس میں فوجی معاونت بھی شامل ہے۔
ترکیہ کی پارلیمان نے 5 نومبر کو معاہدے کی توثیق کی منظوری دے دی تھی۔ اس سے قبل تینوں ممالک نے 5 اکتوبر کو مشترکہ اعلامیے میں معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر فوری عمل درآمد پر اتفاق کیا تھا، جس میں سعودی عرب کو طے شدہ فوجی دستے بھیجنے کا معاملہ بھی شامل تھا۔
تاہم مکہ دفاعی اتحاد ابھی مکمل طور پر فعال ہونے کے مرحلے میں نہیں پہنچا۔ ریاض میں قائم سیکریٹریٹ کی سربراہی ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کر رہے ہیں، جبکہ اتحاد کے فوجی ڈھانچے، کمانڈ کے نظام اور دفاعی حکمت عملی کی مکمل تفصیلات اب تک سامنے نہیں آئی ہیں۔
خواجہ آصف اسے اتحاد کا ابتدائی مرحلہ قرار دے چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں اس کا عملی فریم ورک مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں اجلاس کے موقع پر مقامی تعطیل رہی۔ سکیورٹی انتظامات کے تحت ریڈ زون کے چار داخلی راستے بھی رات ساڑھے بارہ بجے تک بند رکھے گئے، جبکہ شہریوں کو مارگلہ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی۔





