پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے سول ایڈمنسٹریشن، پبلک سروس ڈیلیوری اور گڈ گورننس رولز 2026 نافذ کر دیے ہیں، جن کے تحت عوامی جلسوں اور جلوسوں کے انعقاد، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور صفائی ستھرائی سے متعلق نئے قواعد و ضوابط متعارف کرائے گئے ہیں۔
نئے قواعد کے مطابق بغیر اجازت عوامی جلسہ یا جلوس منعقد کرنے پر 3 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا، جبکہ جلسے یا جلوس کے انعقاد کے لیے کم از کم 9 دن پہلے تحریری درخواست دینا لازمی ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر درخواست پر 5 دن کے اندر فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا۔
قواعد میں عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے پر 10 ہزار روپے، زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز پر 20 ہزار روپے، غیر قانونی پارکنگ اور سڑکوں پر رکاوٹ ڈالنے پر 3 ہزار روپے جبکہ عوامی مقامات پر تھوکنے اور گندگی پھیلانے پر 2 ہزار روپے تک جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
نئے نظام کے تحت ڈپٹی کمشنرز کو عوامی سہولیات، امن و امان اور ریونیو امور کی نگرانی کے وسیع اختیارات دیے گئے ہیں۔ انہیں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے شکایت مینجمنٹ سیل قائم کرنے، ماہانہ رپورٹنگ اور باقاعدگی سے کھلی کچہریاں منعقد کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
قواعد کے مطابق سرکاری املاک کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا، جبکہ فیلڈ افسران کی کارکردگی کا جائزہ چیف سیکرٹری آفس اور پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ (PMRU) لے گا۔ نئے قواعد کا مقصد سول انتظامیہ کی کارکردگی بہتر بنانے، عوامی خدمات کی فراہمی اور سرکاری امور میں جوابدہی کا نظام مؤثر بنانا ہے





