پاکستان اے نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
دوحہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان اے نے 233 رنز کا ہدف 45.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، اس طرح اسے 28 گیندیں باقی رہتے ہوئے کامیابی ملی۔
233 رنز کے تعاقب میں پاکستان اے کا آغاز اچھا نہیں تھا اور صرف 21 رنز پر دو وکٹیں گر گئی تھیں۔
اس کے بعد شاہ زیب خان اور حسن نواز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 110 رنز کی شراکت قائم کی اور پاکستان کو مشکل صورتحال سے نکالا۔
شاہ زیب خان نے 85 گیندوں پر 50 رنز بنائے، جبکہ حسن نواز نے 91 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
حسن نواز کے 131 کے مجموعے پر آؤٹ ہونے کے بعد شاہ زیب خان بھی 150 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے، تاہم پاکستان نے ہدف کے تعاقب پر اپنی گرفت برقرار رکھی۔
کپتان عبدالصمد نے صرف 33 گیندوں پر 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر میچ کا رخ پاکستان کے حق میں کردیا۔ ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
فرحان یوسف نے بھی شاندار فنشنگ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر ناقابلِ شکست 46 رنز بنائے اور پاکستان کو 45.2 اوورز میں ہدف تک پہنچا دیا۔
اس سے قبل بنگلہ دیش اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 232 رنز بنائے تھے۔
شاہادت حسین بنگلہ دیش کی اننگز کے نمایاں بلے باز رہے اور انہوں نے 118 گیندوں پر ناقابلِ شکست 103 رنز بنائے، جس میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں صرف 29 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ علی رضا نے 2 جبکہ حسن نواز نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان اے نے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرتے ہوئے 28 گیندیں قبل ہی میچ اپنے نام کرلیا۔
اب ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے فائنل میں پاکستان اے کا مقابلہ سری لنکا اے سے ہوگا۔





