صوابی: جہانگیرہ مین روڈ پر گڈوڈ آباد لار کے مقام پر نامعلوم ملزمان کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں پیش امام اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ سیاسی رہنما سمیت 10 راہگیر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کے سابق امیدوار برائے حلقہ پی کے 50 صوابی منظور احمد خان عدالت میں پیشی کے بعد اپنی کار میں سوار ہو کر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں مخالفین نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اس اندوہناک حملے کے نتیجے میں کار میں سوار منظور احمد خان کے دو ذاتی سیکیورٹی گارڈز، ایک راہگیر پیش امام اور ایک راہگیر خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ خود منظور احمد خان سمیت 10 راہگیر شدید زخمی ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔





