ڈیرہ اسماعیل خان: ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور کے علاقے بند کورائی میں نامعلوم دہشتگردوں نے بارودی مواد سے بھری پک اپ گاڑی پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ سے ٹکرا دی۔ پولیس کی بروقت جوابی فائرنگ کے باعث حملہ آور تھانے میں داخل نہ ہو سکے اور فرار ہو گئے، جبکہ تھانے میں موجود تمام عملہ محفوظ رہا۔
پولیس کے مطابق حملہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب رات گئے کیا گیا۔ گاڑی ٹکرانے سے زوردار دھماکا ہوا، اور حملہ آوروں نے ساتھ ہی تھانے پر فائرنگ بھی کی، اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروئی کی۔
دھماکا اس قدر شدید تھا کہ سڑک پر تقریباً 4 فٹ گہرا اور 6 فٹ چوڑا گڑھا پڑ گیا۔ دھماکے سے تھانے کا مرکزی گیٹ اور چار دیواری منہدم ہو گئی اور بیرونی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔ قریب واقع مسجد کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ اردگرد کے گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بھی متاثر ہوئیں۔ پولیس کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حملے کے فوراً بعد سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس کے اعلیٰ افسران، پولیس کی بھاری نفری اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا گیا۔
حملے کے بعد بند کورائی کی بلوچ برادری سمیت علاقے کی مختلف برادریوں اور گردونواح کے مکین بڑی تعداد میں تھانے پہنچ گئے اور پولیس کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
ضم شدہ اضلاع (ایریا ڈویلپمنٹ سیکٹر) کے مشیر اطلاعات محمود جان بابر نے کہا ہے کہ پولیس اور مقامی آبادی نے اتحاد کی نئی مثال قائم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے حملہ ناکام بنا کر دہشتگردوں کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ وہ جہاں بھی حملہ کریں گے، پولیس تیار ملے گی۔
محمود جان بابر نے کہا کہ مقامی آبادی نے پولیس کی حمایت میں نکل کر ثابت کر دیا کہ عوام اور پولیس ایک ہیں، اور دہشتگردوں کو اب مقامی آبادیوں میں کہیں سے حمایت حاصل نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ جان چکے ہیں کہ ان کی بقا امن میں ہے، اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔





