راولپنڈی: راولپنڈی کے علاقے ڈھوک گجراں میں نیو چاکرہ روڈ پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے موٹر سائیکل پر سوار باپ بیٹا جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دونوں موٹر سائیکل پر گھر جا رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ نصیرآباد پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
سٹی پولیس افسر راولپنڈی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی پوٹھوہار سے رپورٹ طلب کر لی ہے، اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی پوٹھوہار بھی موقع پر پہنچ گئے، جہاں سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، اور انہیں جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔





