جنوبی کیرولینا: امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں 11 ماہ کے بچے کو تقریباً 24 گھنٹے تک جنگل میں دفن رہنے کے بعد زندہ نکال لیا گیا ہے۔
لیکسنگٹن کاؤنٹی شیرف ڈیپارٹمنٹ کے مطابق بچے کو تولیے میں لپیٹ کر ایک چھوٹے پنجرے میں رکھا گیا تھا اور پھر اس پنجرے کو جنگل میں زمین میں دبا دیا گیا تھا۔
شیرف نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بچہ ایک روز قبل اس وقت لاپتا ہوا جب اس کی والدہ اسے اپنے شوہر کے پاس چھوڑ کر کسی کام سے گھر سے باہر گئی تھیں۔ اطلاع ملنے پر حکام نے بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی، جس میں 100 سے زائد افراد نے حصہ لیا۔
تلاش کے دوران ٹیم کو بچے کے دادا کے گھر سے تقریباً 50 گز دور جنگل میں تازی کھودی گئی مٹی دکھائی دی۔ وہاں کھدائی کی گئی تو پنجرے سے بچہ زندہ حالت میں ملا۔
شیرف کے مطابق بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت خطرے سے باہر قرار دی ہے اور اس کے جلد صحت یاب ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔
جذباتی انداز میں گفتگو کرتے ہوئے شیرف نے کہا کہ کھدائی کے دوران جب بچے کے رونے کی آواز سنائی دی تو ٹیم کی خوشی کی انتہا نہ رہی، اور یہ خدا کی مہربانی ہے کہ بچہ زندہ مل گیا۔ انہوں نے تلاش میں حصہ لینے والے تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔
پولیس کے مطابق بچے کے 25 سالہ والد کو چوری اور گرفتاری کے دوران مزاحمت کے الزامات میں پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے، اور اس کے خلاف مزید الزامات عائد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔





