واشنگٹن: امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو مبینہ ایرانی دھمکیوں کے بعد سیکیورٹی خدشات کے باعث واشنگٹن میں ان کے گھر سے ایک فوجی اڈے پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
رائٹرز اور نیویارک ٹائمز نے اس منتقلی کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ کی سلامتی سے متعلق تشویش اس وقت بڑھی جب وال اسٹریٹ جرنل نے واشنگٹن کے علاقے جارج ٹاؤن میں ان کے گھر کی فضائی تصویر شائع کی۔ اس تصویر سے گھر کے درست مقام کی نشاندہی ممکن ہو گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سرکاری عہدیداروں کو لاحق خطرات کے پیش نظر میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ بیسنٹ نے یہ گھر جنوری 2025 میں وزیر خزانہ کے طور پر توثیق کے کچھ عرصے بعد ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالر میں خریدا تھا۔
امریکی محکمہ خزانہ کے ترجمان نے رائٹرز کو ای میل کے ذریعے بھیجے گئے بیان میں کہا کہ وزیر خزانہ ایرانی حکومت کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق وہ 'آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ' اور بحری ناکہ بندی جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں، اور یہ دونوں اقدامات مل کر ایرانی معیشت کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔
اسکاٹ بیسنٹ اگست سے ایران کے خلاف پابندیوں اور معاشی دباؤ کی اس مہم کی قیادت کر رہے ہیں۔ مہم کا مقصد ایران کو بحری جہازوں پر حملے روکنے اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے پر مجبور کرنا ہے۔
یہ مہم ایرانی بندرگاہوں کی امریکی بحری ناکہ بندی کے ساتھ ساتھ چلائی جا رہی ہے، اور اس کے تحت مشرق وسطیٰ میں ایران کے ساتھ مالی لین دین میں مدد دینے والے بینکوں کی شاخوں اور دیگر مالیاتی اداروں پر بھی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ کے آخر میں ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر انٹیلی جنس عہدیدار نے ایک میمو میں خبردار کیا تھا کہ امریکی اہلکاروں اور شہریوں کے خلاف ایرانی کارروائیاں اور حملوں کی منصوبہ بندی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔
ایران ماضی میں امریکی سرزمین پر حکام اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے الزامات کی تردید کرتا آیا ہے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی حکام بھی سمجھتے ہیں کہ ایران کی امریکا اور دیگر بیرونی علاقوں میں بڑے پیمانے پر حملے کرنے کی صلاحیت محدود ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد سے بڑی حد تک بند ہے۔ ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت اعلیٰ ایرانی عہدیدار شہید ہو گئے تھے، جس کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ 2 مارچ کو حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کے بعد اسرائیل نے لبنان میں بھی کارروائیاں تیز کر دیں۔
مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کا آغاز اکتوبر 2023 میں حماس کے اسرائیل پر حملے سے ہوا تھا، جس کے بعد اسرائیل نے غزہ میں فوجی کارروائی شروع کی۔
اس دوران غزہ میں 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ رائٹرز کے مطابق ستمبر 2026 تک لبنان میں اسرائیلی حملوں سے 4 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 12 ہزار سے زائد زخمی ہوئے، جبکہ 3 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے۔





